میں پربت ہوں وہ رائی کی طرح ہے

Badr Mohammadi (b. 1963)

میں پربت ہوں وہ رائی کی طرح ہے

ہمارے بیچ کھائی کی طرح ہے

ٹھنی جس سے لڑائی کی طرح ہے

وہ بالکل میرے بھائی کی طرح ہے

سلوک احساس کا جاں سے ہماری

کسی کی بے وفائی کی طرح ہے

نہیں کل اپنی یہ فصل تمنا

زمین دل بٹائی کی طرح ہے

امیر شہر کی اونچی عمارت

مری ٹوٹی چٹائی کی طرح ہے

تعارف چہرۂ زہرہ جبیں کا

کتب کی رونمائی کی طرح ہے

پس داد سخن اے بدرؔ پنہاں

کوئی شے ہم نوائی کی طرح ہے