ہم نے آپ کے غم کو ہم سفر بنایا ہے

Badr Jamali

ہم نے آپ کے غم کو ہم سفر بنایا ہے

یعنی زندگانی کو معتبر بنایا ہے

ہر غم زمانہ کو دل میں دی جگہ ہم نے

خوب جو ملا اس کو خوب تر بنایا ہے

اینٹ اور پتھر کا گھر نہیں ملا تو کیا

دشمنوں کے دل میں بھی ہم نے گھر بنایا ہے

احتیاط سیکھی ہے بے اصول لوگوں سے

ہم کو چند اندھوں نے دیدہ ور بنایا ہے

زیست کے گھروندے کو ہم نے اپنے ہاتھوں سے

عمر بھر بگاڑا ہے عمر بھر بنایا ہے