ہیں الجھنیں تمام مری زندگی کے ساتھ

Aalam Nizami (b. 1984)

ہیں الجھنیں تمام مری زندگی کے ساتھ

انصاف کر رہا ہوں مگر شاعری کے ساتھ

یہ اور بات ہے میں زیادہ نہ مل سکوں

ملتا نہیں کسی سے مگر بے دلی کے ساتھ

کام آئی تیرگی میں چراغوں کی دوستی

گزری شب حیات مری روشنی کے ساتھ

بکھرے ہوئے وجود کو اپنے سمیٹ کر

ہم جینا چاہتے ہیں بڑی سادگی کے ساتھ

ہے جس کا جیسا ظرف وہ ویسا کیا کرے

کرتے نہیں ہیں ہم تو دغا دوستی کے ساتھ

عالمؔ امیر شہر بھی کرتا ہے احترام

رہتے ہیں اتنی شان سے ہم مفلسی کے ساتھ