کیا بتاؤں کسی کو ہے کیا دوستی

Aalam Nizami (b. 1984)

کیا بتاؤں کسی کو ہے کیا دوستی

ہے غم زندگی کی دوا دوستی

ناتواں خود کو محسوس جب بھی کیا

تو نے بخشا مجھے حوصلہ دوستی

دیکھ کر جس کو لگتی ہے دنیا حسیں

ہے محبت کا وہ آئنہ دوستی

روشنی کا سفر یا اندھیرے کا ہو

ہر سفر میں رہی ہم نوا دوستی

لاکھوں احساں ہیں تیرے مری ذات پر

حق ترا کس طرح ہو ادا دوستی

جس سے عالمؔ مہکتا ہے میرا وجود

خوشبوؤں کی ہے ایسی فضا دوستی