کون دے گا ترے کوچے میں صدا میرے بعد
Badr Muneerکون دے گا ترے کوچے میں صدا میرے بعد
سر کو پٹخے گی ترے در پہ ہوا میرے بعد
جو بھی کہنا ہے وہ کہہ دے دم رخصت ظالم
رہ نہ جائے ترے ہونٹوں پہ گلہ میرے بعد
اب یہی سوچ کے میں ضبط کئے بیٹھا ہوں
کیا کسی آنکھ سے برسے گی گھٹا میرے بعد
شاخ لرزیدہ سے پتوں کے بچھڑنے کا سماں
کون دیکھے گا تماشا یہ بھلا میرے بعد
میرے تو وہم و گماں میں بھی نہیں تھا یہ منیرؔ
خود سے ہو جائے گا وہ شخص جدا میرے بعد