وہ دل کی باتیں زمانے بھر کو نہ یوں سناتا مجھے بتاتا
Badr Muneerوہ دل کی باتیں زمانے بھر کو نہ یوں سناتا مجھے بتاتا
وہ ایک دفعہ مری محبت کو آزماتا مجھے بتاتا
زبان خلقت سے جانے کیا کیا وہ مجھ کو باور کرا رہا ہے
کسی بہانے انا کی دیوار کو گراتا مجھے بتاتا
زمانے والوں کو کیا پڑی ہے سنیں جو حال دل شکستہ
مگر مری تو یہ آرزو تھی مجھے بلاتا مجھے بتاتا
مجھے خبر ہے کہ چپکے چپکے اندھیرے اس کو نگل رہے ہیں
میں اس کی راہوں میں اپنے دل کا دیا جلاتا مجھے بتاتا
ستم کیا ہے منیرؔ اس نے جو شہر چھوڑا ہے خامشی سے
میں اس کی خاطر یہ ساری دنیا بھی چھوڑ جاتا مجھے بتاتا