بڑھ گئی کچھ اور الجھن رابطہ کرنے کے بعد
Badr Muneerبڑھ گئی کچھ اور الجھن رابطہ کرنے کے بعد
خود سے بھی شکوہ رہا اس سے گلہ کرنے کے بعد
ہم کو مڑ کر دیکھنے کی کیا ضرورت تھی اسے
کون رکتا ہے یہاں پر حادثہ کرنے کے بعد
کیا قیامت ہے کہ گھر سے ڈھونڈنے نکلے ہیں لوگ
خود کو اپنی خواہشوں میں لاپتہ کرنے کے بعد
میری ساری مشکلیں ہیں میرے ہونے کی دلیل
میں کہاں باقی رہوں گا التجا کرنے کے بعد
اس سے بڑھ کر اور کیا ہم پر ستم ہوگا منیرؔ
مشورہ مانگا ہے اس نے فیصلہ کرنے کے بعد