جہاں پر اہل دل ہوتے نہیں ہیں

Badr Muneer

جہاں پر اہل دل ہوتے نہیں ہیں

رویے معتدل ہوتے نہیں ہیں

بہت رکھتے ہیں آوارہ دلوں کو

یہ جذبے پا بہ گل ہوتے نہیں ہیں

فلک پر اڑنے والے بادلوں کے

ٹھکانے مستقل ہوتے نہیں ہیں

ہو بے شک مشترک دیوار لیکن

مقدر متصل ہوتے نہیں ہیں

دل درد آشنا ہوتا ہے جن میں

وہ سینے مضمحل ہوتے نہیں ہیں

سنبھالو خود ہی اپنے رت جگوں کو

یہ ورثے منتقل ہوتے نہیں ہیں