نیند اڑنے کا سبب اور چین کھونے کا جواز

Badr Muneer

نیند اڑنے کا سبب اور چین کھونے کا جواز

پوچھتے ہیں لوگ مجھ سے عشق ہونے کا جواز

لڑ رہا ہوں میں اکیلا کارزار ہستی میں

کر فراہم تو بھی ظالم اپنے ہونے کا جواز

ڈھونڈتے ہیں لوگ کیسے حرف تند و تیز سے

دوسروں کی روح میں کانٹے چبھونے کا جواز

یہ ضروری تو نہیں ہم بھی فراہم کر سکیں

بیٹھے بیٹھے اپنے دامن کو بھگونے کا جواز

ساحلوں پر عافیت معدوم ہو جانے کے بعد

اور کیا ہوگا بھلا کشتی ڈبونے کا جواز

ضبط کے بندھن کو جس نے توڑ ڈالا ہے منیرؔ

پوچھتا ہے دوسروں سے میرے رونے کا جواز