تمہارے دل میں جو غم بسا ہے تو میں کہاں ہوں
Badr Wastiتمہارے دل میں جو غم بسا ہے تو میں کہاں ہوں
یہ میں نہیں کوئی دوسرا ہے تو میں کہاں ہوں
ہماری پلکوں کے خواب آخر اداس کیوں ہیں
اگر یہ تم کو ہی سوچنا ہے تو میں کہاں ہوں
وہ میری تصویر میری خوشبو خیال میرا
تمہارا کمرہ سجا ہوا ہے تو میں کہاں ہوں
کسی نے دیکھا تو کیا کہے گا تم ہی بتاؤ
تمہارے ہاتھوں میں آئینہ ہے تو میں کہاں ہوں
تمہاری چاہت کے زخم شاید مہک رہے ہیں
سنا ہے موسم ہرا بھرا ہے تو میں کہاں ہوں
ہرا جمے گا کہ سرخ جوڑا یہ کارچوبی
تمہیں یہ دل ہی سے پوچھنا ہے تو میں کہاں ہوں
یہ تم بھی سوچو کہ بدرؔ آخر اداس کیوں ہے
چراغ اتنا بجھا بجھا ہے تو میں کہاں ہوں