تمام رشتوں کو بے کدورت بنا دیا ہے
Yawar Azeem (b. 1984)تمام رشتوں کو بے کدورت بنا دیا ہے
ہمیں محبت نے خوب صورت بنا دیا ہے
وہ عادتاً بے نیاز لڑکی تھی جس نے خود کو
ہماری خاطر وفا کی مورت بنا دیا ہے
میں تیرے بن زندگی گزاروں تو خود کو ہاروں
کہ تو نے خود کو مری ضرورت بنا دیا ہے
تمہاری خاطر لکھی ہوئی اولیں غزل کو
کتاب امکاں کی پہلی صورت بنا دیا ہے
پرانے وعدوں کی دھجیوں کو ملا کے یاورؔ
ملن کا ہم نے شگن مہورت بنا دیا ہے