جب چراغوں کی طرف مائل ہوا ہو جائے گی

Naeem Badauni (b. 1969)

جب چراغوں کی طرف مائل ہوا ہو جائے گی

زندگی جلتے چراغوں کی فنا ہو جائے گی

زندگی ہے میری ہستی سے ترے دم کا وجود

میں فنا ہو جاؤں گا تو بھی فنا ہو جائے گی

مہربانی مجھ پہ فرما تو رہے ہیں سوچ لیں

آپ سے کیا میرے زخموں کی دوا ہو جائے گی

خود خفا ہو جائیں گے ہم زندگی سے ایک دن

زندگی کیا دوستو ہم سے خفا ہو جائے گی

زندگی میں آئے گا اس دن شباب اپنی نعیمؔ

مجھ پہ جب ان کے ستم کی انتہا ہو جائے گی