تاریخ نویسی کی یہ طرز پرانی ہے
Vaqar Siddiqui (b. 1932)تاریخ نویسی کی یہ طرز پرانی ہے
شاہوں کا فسانہ ہے پریوں کی کہانی ہے
پتھر کے زمانے سے ایٹم کے زمانے تک
پڑھتے ہی چلے جاؤ انساں کی کہانی ہے
جو راستہ روکے گا بہہ جائے گا موجوں میں
چڑھتا ہوا دریا ہے بہتا ہوا پانی ہے
کیا سوچ رہے ہو تم بیٹھے ہوئے ایسے میں
آؤ چلو زنداں کی دیوار گرانی ہے
وہ سندھ کی گھاٹی ہو یا نیل کی وادی ہو
تہذیب و تمدن کی تاریخ پرانی ہے