کوئی نظر ہو عقیدہ بہت ضروری ہے
Vaqar Siddiqui (b. 1932)کوئی نظر ہو عقیدہ بہت ضروری ہے
عمل پہ اپنے بھروسا بہت ضروری ہے
گھروں سے دور نکلنا بہت ضروری ہے
یہ کام عزم و عمل کا بہت ضروری ہے
لہو میں ڈوبے ہوئے احتجاج کرتے ہوئے
سڑک سڑک سے گزرنا بہت ضروری ہے
تو اپنے سامنے پردہ نہ ڈال منہ نہ چھپا
ترا سماج سے رشتہ بہت ضروری ہے
تمہیں خبر ہے سفیران انقلاب ہو تم
تمہارے ہاتھ میں تیشہ بہت ضروری ہے
وقارؔ میں نے کسی کو نہیں بلایا وہاں
جہاں لگا کہ سہارا بہت ضروری ہے