اتنا بڑا تو ہو مرا دالان کم سے کم
Ubaid Najibabadi (b. 1998)اتنا بڑا تو ہو مرا دالان کم سے کم
دو چار دن تو رک سکیں مہمان کم سے کم
سب سے کہیں گے نسل ہیں ہم میرؔ و فیضؔ کی
گھر میں رکھیں گے ایک دو دیوان کم سے کم
اس واسطے بھی اب کے کیا عشق ساتواں
اک بار تو ہو فتح یہ میدان کم سے کم
پرچم بغاوتوں کا ہے کیوں سب کے ہاتھ میں
کچھ تو بتاؤ وقت کے سلطان کم سے کم
ان حادثوں نے عمر کو آدھا کیا عبیدؔ
سو سال ورنہ جیتا تھا انسان کم سے کم