ہجر کی مات کاٹنے کے لئے

Fahmi Badayuni (b. 1952)

ہجر کی مات کاٹنے کے لئے

کچھ تو ہو رات کاٹنے کے لئے

تیری میری چھتیں بناتا ہوں

اپنی برسات کاٹنے کے لئے

جلدی جلدی گزارتا ہوں دن

ہجر کی رات کاٹنے کے لئے

اس نے کل رات خوب باتیں کیں

میری اک بات کاٹنے کے لئے

کچھ نہ کچھ ڈھونڈتا ہی رہتا ہوں

رات بھر رات کاٹنے کے لئے

کوئی رشتہ بہت ضروری ہے

ذات سے ذات کاٹنے کے لئے

کون اس جھونپڑی میں آئے گا

وہ بھی برسات کاٹنے کے لئے

اس نے بھیجی ہیں چھتریاں نقلی

اصلی برسات کاٹنے کے لئے