پہلے احساس میں اتار اسے

Fahmi Badayuni (b. 1952)

پہلے احساس میں اتار اسے

پھر خیالات سے گزار اسے

کوئی اچھی سی جاب مل جاتی

ہم بھی کرواتے انتظار اسے

اپنی ناراضگی سے ڈرتا ہوں

کر تو سکتا ہوں بے قرار اسے

خود کو قیدی سمجھ رہا تھا وہ

میں نے ہونے دیا فرار اسے

سب پرانا ڈلیٹ کر دیں گے

پھر سے لکھیں گے ایک بار اسے

لوٹا دیتی ہے وقت سے پہلے

کوئی دیتا نہیں ادھار اسے

آج تک انگلیاں مہکتی ہیں

چھونا چاہا تھا ایک بار اسے