رات اس کو رلا دیا میں نے
Fahmi Badayuni (b. 1952)رات اس کو رلا دیا میں نے
سب غموں کا مزہ لیا میں نے
ذکر کر کے تری اداسی کا
سارے پھولوں کو چپ کیا میں نے
ایک دن شاعری بتا دے گی
خود کو تنہا نہیں جیا میں نے
ایسی ترتیب دی ستاروں کو
آپ کا نام لکھ دیا میں نے
قبر لائق زمین مل ہی گئی
عمر بھر کچھ نہیں کیا میں نے
وہ دوبارہ نظر نہیں آیا
جس کو تیرا پتہ دیا میں نے
ڈوب کر مر گیا سمندر میں
کھارا پانی نہیں پیا میں نے