عطا کر دی کسی نے وہ بلا کی تشنگی مجھ کو
Balbir Rathiعطا کر دی کسی نے وہ بلا کی تشنگی مجھ کو
نہ راس آئے گی شاید زندگی بھر زندگی مجھ کو
مری یہ بے بسی تو خیر کچھ ایسی نہیں ہمدم
مگر جینے نہیں دے گی تری بے چارگی مجھ کو
بھلا میں رتبۂ دیوانگی کا مستحق کب تھا
کسی کے پیار نے دے دی یوںہی دیوانگی مجھ کو
کوئی منزل بھی ہو وہ میری منزل ہو نہیں سکتی
ازل سے ہی ملی ہے بے سبب آوارگی مجھ کو
مجھے تو زندگی میں بارہا محسوس ہوتا ہے
مرے معصوم خوابوں نے ہی دی ہے نغمگی مجھ کو