غیروں نے کیے ہیں جو کرم یاد کریں گے
Faisal Qadri Gunnauri (b. 1995)غیروں نے کیے ہیں جو کرم یاد کریں گے
رہ رہ کے پھر اپنوں کے ستم یاد کریں گے
جو عشق میں کھائی تھی قسم یاد کریں گے
تم بھول بھی جاؤ گے تو ہم یاد کریں گے
ہر لمحہ ستائیں گی ہمیں آپ کی یادیں
ہم آپ کو ہر لمحہ صنم یاد کریں گے
اس حسن دل افروز کو نظروں میں بسا کر
اس زلف گرہ گیر کے خم یاد کریں گے
دل کانپ سا جائے گا نمی آنکھوں میں ہوگی
جب آپ کے بخشے ہوئے غم یاد کریں گے
اس طرح سے کہہ جائیں گے ہم شعر غزل کے
تا حشر ہمیں اہل قلم یاد کریں گے
فیصلؔ نہ بھلا پائیں گے تا عمر انہیں ہم
لیکن وہ بچھڑ کر ہمیں کم یاد کریں گے