سب کی نظروں میں یوں بھی پیارا ہوں

Faisal Qadri Gunnauri (b. 1995)

سب کی نظروں میں یوں بھی پیارا ہوں

میں تری اک نظر کا مارا ہوں

وقت کے ساتھ مجھ کو بہنا ہے

میں تو پانی کا ایک دھارا ہوں

تم نے جب اپنا کہہ دیا ہے مجھے

کیسے کہہ دوں کہ بے سہارا ہوں

عشق میں کیا یہی نہیں کافی

میرے تم اور میں تمہارا ہوں

چاہتا میں تو جیت سکتا تھا

تیری خاطر یہ بازی ہارا ہوں

یوں کھٹکتا ہوں سب کی آنکھوں میں

تیری آنکھوں کا میں جو تارا ہوں

تجھ سے فیصلؔ ہے باہمی رشتہ

تو ہے کشتی تو میں کنارا ہوں