گرچہ اولاد بن کے بیٹھے ہیں

Faisal Qadri Gunnauri (b. 1995)

گرچہ اولاد بن کے بیٹھے ہیں

فخر اجداد بن کے بیٹھے ہیں

تم بھی بن جاؤ عشق میں شیریں

ہم تو فرہاد بن کے بیٹھے ہیں

بن کے بیٹھے ہیں وہ سراپا غزل

اور ہم داد بن کے بیٹھے ہیں

تو اگرچہ ہمیں بھلا بیٹھا

ہم تری یاد بن کے بیٹھے ہیں

پر فتن دور ہے بچے رہنا

لوگ جلاد بن کے بیٹھے ہیں

کیسے مائل نہ ہو کوئی فیصلؔ

وہ پری زاد بن کے بیٹھے ہیں