دید کا اشتیاق تھوڑی ہے

Faisal Qadri Gunnauri (b. 1995)

دید کا اشتیاق تھوڑی ہے

اس کو رنج فراق تھوڑی ہے

میری قسمت سے وہ ملے ہیں مجھے

یہ کوئی اتفاق تھوڑی ہے

شمع الفت جلاؤ گے کیسے

میرا دل کوئی طاق تھوڑی ہے

ان سے کچھ اختلاف ہے لیکن

میرا ذاتی نفاق تھوڑی ہے

فخر سے بات سچی کہتا ہوں

اس میں کچھ استراق تھوڑی ہے

حرف چن چن کے لائیے فیصلؔ

شاعری ہے مذاق تھوڑی ہے