یہ کون ہے جو کانوں میں رس گھول رہا ہے
Faisal Qadri Gunnauri (b. 1995)یہ کون ہے جو کانوں میں رس گھول رہا ہے
کوئل کی طرح میٹھا بہت بول رہا ہے
دولت سے محبت کو مری تول رہا ہے
وہ شخص جو میرے لیے انمول رہا ہے
کیا پانے کی رکھے گا کوئی تجھ سے توقع
ہاتھوں میں ہمیشہ ترے کشکول رہا ہے
سب اچھی طرح سے تجھے پہچان گئے ہیں
اب تک جو یہ چہرے پہ ترے خول رہا ہے
کیا بھول گیا ہے تو ابھی پر نہیں میرے
صیاد ابھی کیوں یہ قفس کھول رہا ہے
لا علم بھی کر لیتے تھے اشعار کو موزوں
فیصلؔ یہ مرے شہر کا ماحول رہا ہے