میرا حصہ تھا مرے دل کا مکیں تھا پہلے

Yasir Guman (b. 2001)

میرا حصہ تھا مرے دل کا مکیں تھا پہلے

یہ جو اک زخم ہے یہ زخم نہیں تھا پہلے

تیرے کہنے پہ خدا مان لیا تھا تجھ کو

تیری باتوں پہ مجھے اتنا یقیں تھا پہلے

پا بہ زنجیر کرو سنگ نہ مارو اس کو

یہ جو پاگل ہے یہیں تخت نشیں تھا پہلے

میری غزلوں میں مسائل تھے زمانے بھر کے

میری غزلوں میں کوئی درد نہیں تھا پہلے

جان جاں ٹھیک نہیں حسن پہ اب اتنا غرور

مجھ سوا کون ترے اتنا قریں تھا پہلے

میرا ماتم جو مرے دل میں کیا کرتا تھا

دل کے زخموں کا عزادار یہیں تھا پہلے