جن کو معلوم نہیں ہوگا دعا کا مطلب
Yasir Khan Inam (b. 1986)جن کو معلوم نہیں ہوگا دعا کا مطلب
وہ ہمیں خاک بتائیں گے خدا کا مطلب
وہ یہ کہتے ہیں محبت میں سزا پاؤ گے
اور میں خوب سمجھتا ہوں سزا کا مطلب
یعنی کانٹوں سے میں خوشبو کے معانی پوچھوں
یعنی اب آپ بتائیں گے وفا کا مطلب
مستقل چیختے رہنے کی بنا لی عادت
اس کے کانوں کو بتانا تھا صدا کا مطلب
آخرش مر گیا بیمار دوا کہہ کہہ کر
چارہ گر ڈھونڈ نہیں پائے دوا کا مطلب
اس کی باتوں میں محبت ہے بلا کی یاسرؔ
اس کے لہجے سے جھلکتا ہے بلا کا مطلب