تم ہو مسیح درد تو بیمار کون ہے

Qaisar Azeez (b. 1962)

تم ہو مسیح درد تو بیمار کون ہے

ظلمت کدہ میں مطلع انوار کون ہے

نظریں جھکائے بیٹھا ہے کس کے خیال میں

اٹھ کر تو دیکھیے پس دیوار کون ہے

جس نے خیال و فکر کا لہجہ بدل دیا

ہر فن کے آئنے میں وہ فن کار کون ہے

وہ بے نقاب ہو تو یہ ہم فیصلہ کریں

کس پر نشہ سوار ہے ہشیار کون ہے

یوسف تو بکنے آ گئے بازار عشق میں

اب دیکھنا یہ ہے کہ خریدار کون ہے

کہنے کو یوں تو حق کے طلب گار ہیں بہت

حق پر نثار ہونے کو تیار کون ہے