قربتیں اپنی جگہ ہیں فاصلے اپنی جگہ

Qaisar Azeez (b. 1962)

قربتیں اپنی جگہ ہیں فاصلے اپنی جگہ

راحتیں اپنی جگہ ہیں حادثے اپنی جگہ

در بدر ہم ہی بھٹکتے پھر رہے ہیں آج تک

راہ بر اپنی جگہ ہیں راستے اپنی جگہ

وقت کیوں برباد کرتے ہو کسی کے واسطے

درد دل اپنی جگہ ہے مرحلے اپنی جگہ

کیا ضروری ہے کسی کا اس پہ پیہم سوچنا

فطرتیں اپنی جگہ ہیں مشورے اپنی جگہ

کیوں پریشاں ہو رہے ہو دوستوں یہ سوچ کر

زاویے اپنی جگہ ہیں دائرے اپنی جگہ

خارزاروں سے گزر قیصرؔ مگر یہ سوچ کر

راہ رو اپنی جگہ ہیں راستے اپنی جگہ