قصہ ان دنوں کا ہے جب ہمیں محبت تھی

Naeem Sameer

قصہ ان دنوں کا ہے جب ہمیں محبت تھی

خواب اک معمہ تھا نیند اک اذیت تھی

کیا عجیب رشتہ تھا آگ اور پانی کا

میں برستا بادل تھا اور وہ قیامت تھی

ہم کہ ایک دوجے پر اس طرح سے لازم تھے

مجھ کو اس کا نشہ تھا اس کو میری عادت تھی

ہم بھٹکتے پھرتے تھے تشنگی کے صحرا میں

ان لبوں پہ امرت تھا اور مجھے اجازت تھی

رات میں مسافر تھا گل بدن کے رستوں کا

انگ انگ خوشبو تھی کیا حسیں مسافت تھی

ہم گناہگار شب روکنے سے رکتے کب

عمر کا تقاضا تھا وقت کی ضرورت تھی

ہم سمیرؔ کھو بیٹھے مصلحت کی راہوں میں

وہ جو اک تعلق تھا وہ جو ایک نسبت تھی