بقدر فکر سجھائے ہوئے اسی کے ہیں
Lucky farooqi Hasrat (b. 1990)بقدر فکر سجھائے ہوئے اسی کے ہیں
یہ سارے لفظ بتائے ہوئے اسی کے ہیں
ہر ایک شاخ پہ من فضل ربی لکھا ہے
تمام پھول کھلائے ہوئے اسی کے ہیں
یہ مومنین ہیں شہکار اس کی قدرت کا
یہ مشرکین بنائے ہوئے اسی کے ہیں
اسی نے عرش پہ ٹانکا ہے چاند تاروں کو
زمیں پہ پیڑ لگائے ہوئے اسی کے ہیں
وگرنہ آنکھ میں قبضہ تھا غم کی فوجوں کا
ہم ایسے لوگ ہنسائے ہوئے اسی کے ہیں
یہ قوم لوط کی بدکاریوں کے چہرے پر
عذاب و قہر سجائے ہوئے اسی کے ہیں
اسی کے حکم کا پابند ہے قلم میرا
یہ سارے شعر لکھائے ہوئے اسی کے ہیں