تعبیروں کو ڈھونڈ رہی ہوں خوابوں کی پرواہ نہیں
Vala Jamal Al Aseeliتعبیروں کو ڈھونڈ رہی ہوں خوابوں کی پرواہ نہیں
منزل پر ہی نظر ہے میری رستوں کی پرواہ نہیں
اس کو کیا معلوم کہ صدیاں لمحوں سے ہی بنتی ہیں
صدیوں کی ہے فکر اسے ان لمحوں کی پرواہ نہیں
اپنے پن کا مطلب بھی تو لوگوں کو معلوم نہیں
میرا اپنا وہ ہے جس کو اپنوں کی پرواہ نہیں
میں نے دل میں ٹھان لیا تھا زنجیروں کو توڑوں گی
لیکن میرے دل نے پوچھا رشتوں کی پرواہ نہیں
ہم نے کھائے زخم ولاؔ ہم ان سے دور ہی رہتے ہیں
پھولوں سے وہ کھیلے جس کو کانٹوں کی پرواہ نہیں