سچ ہے تم کو ملا نہیں ہوں میں
Gaurav Trivedi (b. 1990)سچ ہے تم کو ملا نہیں ہوں میں
ہاں مگر گمشدہ نہیں ہوں میں
مجھ سے کچھ غلطیاں تو ہوں گی ہی
آدمی ہوں خدا نہیں ہوں میں
آپ کو بھول ہی نہیں پایا
کیا کروں آپ سا نہیں ہوں میں
اس زمانہ کے رنگ ہیں مجھ پر
ورنہ اتنا برا نہیں ہوں میں
سن رہا ہوں میں تیری خاموشی
دل دکھا ہے مرا نہیں ہوں میں