کب غریبوں کو اجالوں کی خبر ہوتی ہے
Charkh Chiniotiکب غریبوں کو اجالوں کی خبر ہوتی ہے
زندگی ان کی اندھیروں میں بسر ہوتی ہے
حسن کو چھوتی ہیں جب صبح کی زریں کرنیں
فطرتاً صبح وہ رنگین سحر ہوتی ہے
زندگی جن کی ترے عشق میں ہوتی ہے بسر
انہیں دنیا کی نہ عقبیٰ کی خبر ہوتی ہے
کبھی ناسازیٔ ماحول کو خاطر میں نہ لا
رات کے پردے میں ملبوس سحر ہوتی ہے
غم و عشرت کا مرقع ہے یہ دنیا اے چرخؔ
کبھی کانٹوں کبھی پھولوں پہ بسر ہوتی ہے