تجلی سے تری معمور ہونا

Tahavvur Ali Zaidi

تجلی سے تری معمور ہونا

کوئی دیکھے مرا مغرور ہونا

اسی کا نام شاید زندگی ہے

کبھی ہنسنا کبھی رنجور ہونا

تری محفل میں آکر ہم نے دیکھا

کسی مختار کا مجبور ہونا

حقیقت میں ہے معراج محبت

تمناؤں کا دل سے دور ہونا

نہ بن جائے کوئی تازہ مصیبت

دل نادان کا مسرور ہونا

ذرا فرصت ملے تو دیکھ جاؤ

دل زیدیؔ کا غم سے چور ہونا