جہاں چھیڑ دے کوئی ان کا فسانہ

Daur Afridi (1930–1992)

جہاں چھیڑ دے کوئی ان کا فسانہ

ہمہ رنگ لفظوں کی جنت سجانا

تمہارے ہمارے ہی دم سے ہے روشن

دل و جاں کی رنگینیوں کا زمانہ

یہ کیسی ادا ہے بہ طرز محبت

کبھی یاد رکھنا کبھی بھول جانا

ہمیں چاہئے صرف تیرا تصور

اگرچہ یہ دنیا ہے تصویر خانہ

ہر اک تیرے حسن تصور کا شیدا

ہو ادنیٰ و اعلیٰ کہ نادان و دانا

طلوع سحر ہے کہ تم سامنے ہو

یہ کندن سا مکھڑا یہ گیسو یہ شانہ

ترے دور نے تجھ سے مانگی محبت

محبت نے بخشا تجھے مسکرانا