دن کٹھن جیسے ہے ستاروں پر
Dard Faiz Khan (b. 2003)دن کٹھن جیسے ہے ستاروں پر
رات بھاری ہے بے قراروں پر
تجھ کو معلوم کیوں نہیں پڑتا
کیا گزرتی ہے سوگواروں پر
کر لے تسخیر تو زمیں اپنی
ہے نظر میری چاند تاروں پر
ناچتا ہے جو ناچے جی بھر کے
میں نہیں ناچتا اشاروں پر
جس کو جلوہ ترا میسر ہو
کیوں نظر ڈالے وہ نظاروں پر
جن کو سمجھا تھا نا خدا میں نے
وہ کھڑے رہ گئے کناروں پر
فیضؔ کوئی نہیں ملا کرتا
عشق چلتا ہے بس خساروں پر