ہنر جب فن میں ڈھلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

Dard Faiz Khan (b. 2003)

ہنر جب فن میں ڈھلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

رگوں کا خون جلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

جب اس میں دل پگھلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

جو شب بیدار ہوتے ہیں یہ ان کے دل سے پوچھو تم

کہ جب سورج نکلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

چمن کے سارے پھولوں سے محبت ہے مجھے لیکن

کوئی ان کو مسلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

جسے دل میں بسا کے ہم نے پلکوں پر سجایا تھا

وہ ہی ارماں کچلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

انہیں باتوں ہی باتوں میں ہم اکثر چھو تو لیتے ہیں

مگر جب ہاتھ جلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے

سنہری دھوپ میں ہم فیضؔ اس کے ساتھ رہتے ہیں

مگر جب وقت ڈھلتا ہے بڑی تکلیف ہوتی ہے