جانے شب فراق میں کیا یاد آ گیا
Zafar Sambhali (b. 1944)جانے شب فراق میں کیا یاد آ گیا
دل یوں تڑپ اٹھا کہ خدا یاد آ گیا
باد صبا کی چھیڑ سے شرمائے پھول جب
چہرے کا اس کے رنگ حیا یاد آ گیا
آئی شب فراق جو مہکی ہوئی صبا
اس وقت قرب زلف دوتا یاد آ گیا
اک بے وفا سے ترک تعلق نہ کر سکے
ہر بار ہم کو عہد وفا یاد آ گیا
کیوں اشک مرنے والوں کی آنکھوں میں آ گئے
کیا لطف زیست وقت قضا یاد آ گیا
چھیڑا ہے جب کسی نے کسی بے وفا کا ذکر
ہم کو کسی کا عہد وفا یاد آ گیا
دشت جنوں میں پیروں سے خوں رستا دیکھ کر
ہاتھوں کا اس کے رنگ حنا یاد آ گیا
جب بھی چمن میں پھول کھلائے بہار نے
اس کج ادا کا حسن قبا یاد آ گیا
انجام عشق نے جو ستایا کبھی ظفرؔ
آغاز عشق کا بھی مزہ یاد آ گیا