جب درد کی شمعیں جلتی ہیں احساس کے نازک سینے میں
Qaisar Qalandarجب درد کی شمعیں جلتی ہیں احساس کے نازک سینے میں
اک حسن سا شامل ہوتا ہے پھر تنہا تنہا جینے میں
کچھ لطف کی گرمی کی خاطر کچھ جان وفا کے صدقے میں
گیسوئے الم کے سائے میں راحت سی ملی ہے پینے میں
آغوش تمنا چھو آئیں جب زلف یار کی خوشبو میں
آنکھوں میں ساون لہرایا دیپک سا سلگا سینے میں
موسیقیٔ حسن کی موجیں تھی کچھ آنکھوں میں کچھ پیالوں میں
جو ساحل دل تک ہو آئیں یادوں کے ایک سفینے میں
پلکوں میں سلگتے تاروں سے میں رات کی افشاں چن نہ سکا
شعلوں کو چھپائے پھرتا ہوں میں دل کے ایک نگینے میں
وہ رنگ حیا احساس طرب آئینۂ رخ کے عکس فگن
اک تابش تیرے چہرے کی اک آنچ سی میرے سینے میں
کلیوں نے گھونگھٹ سرکائے شبنم نے موتی رول دئے
لذت سی ملی ہے اشکوں سے یہ چاک جگر کا سینے میں
نغموں کی چاندنی چھٹکی ہے شعروں کے شبستاں مہکے ہیں
پھر ساز غزل لے آیا ہوں اک لطف ہے اکثر جینے میں