آواز کی دوری پہ کھڑا سوچ رہا ہوں

Danish Naqwi (b. 1995)

آواز کی دوری پہ کھڑا سوچ رہا ہوں

اب کون مجھے دے گا صدا سوچ رہا ہوں

چھوٹی سی نظر آتی ہے اطراف کی ہر شے

اس وقت میں کچھ اتنا بڑا سوچ رہا ہوں

کیا سوچنا تھا مجھ کو ترے بارے میں لیکن

افسوس ترے بارے میں کیا سوچ رہا ہوں

تو نے تو مرے بارے میں سوچا بھی نہیں ہے

میں پھر بھی کوئی اچھا برا سوچ رہا ہوں

جس دن سے اٹھیں مجھ پہ تری سبز سی آنکھیں

میں پیڑ نہیں پھر بھی ہرا سوچ رہا ہوں

نقصان بہت سے تھے گئے سال کے دانشؔ

لیکن ترے بارے میں بڑا سوچ رہا ہوں