حادثوں کی دنیا میں کون کس کو روتا ہے

Sabiha Saba (b. 1950)

حادثوں کی دنیا میں کون کس کو روتا ہے

یاد کر کے دکھ اپنے خون دل کا ہوتا ہے

آمد بہاراں پر روئے خوب روئے ہم

درد یوں بھی تھمتا ہے درد یوں بھی ہوتا ہے

آپ کی نگاہوں میں وہ بھی ہو گئے مجرم

جن کی بے گناہی پر آسماں بھی روتا ہے

خاک میں ملیں آخر سب ریاضتیں ان کی

جاگنے سے کیا ہوگا جب نصیب سوتا ہے

نقش ثبت ہوتے ہیں دل میں ہے وفائی کے

ناز جن پہ کرتے ہیں مان جن پہ ہوتا ہے

دل میں کتنے طوفاں ہیں پر سکون چہرہ ہے

جانے وہ صباؔ اپنے دکھ کہاں سموتا ہے