تسلیم ان آنکھوں کا اعجاز مسیحائی

Balraj Hairat (1930–1995)

تسلیم ان آنکھوں کا اعجاز مسیحائی

لیکن یہ بتا آخر کس کس نے شفا پائی

ویرانۂ حسرت میں تم کیسے چلے آئے

ہو جائے نہ پھر برہم مجھ سے مری تنہائی

ہر شہر نگاراں کا دستور یہی دیکھا

چپ رہئے تو محرومی کچھ کہیے تو رسوائی

ملحوظ نظر جب تک آداب رہے غم کے

جینے سے بھی شرمائے مرتے بھی حیا آئی

تفسیر جنوں حیرتؔ موضوع ہی ایسا تھا

دنیا مری باتوں پر مشکل سے یقیں لائی