دل کو صبر و قرار تم سے ہے
Paikan Chandpuriدل کو صبر و قرار تم سے ہے
زندگی خوش گوار تم سے ہے
دل کشی تم سے ہے ستاروں میں
گلستاں میں بہار تم سے ہے
اللہ اللہ رے یہ حسن و جمال
ماہ بھی شرمسار تم سے ہے
مجھ کو اس دور زندگانی میں
ہر خوشی سازگار تم سے ہے
مست نظریں تمہاری کیا کہنا
اک جہاں بادہ خوار تم سے ہے
نگہتیں گل نثار کرتے ہیں
یہ فضا مشک بار تم سے ہے
گرچہ لاکھوں ستم سہے دل پر
پھر بھی پیکاںؔ کو پیار تم سے ہے