بنا بولے ہی سب کچھ جان جائے

Vibha Jain 'Khwaab'

بنا بولے ہی سب کچھ جان جائے

وہ کاش آنکھوں کا دکھ پہچان جائے

جسے ٹھکرانے پر یہ جان جائے

اگر اپنا لیں تو ایمان جائے

کوئی ہم سے کرے اتنی محبت

ہمارے جھوٹ بھی سچ مان جائے

اگر امید منزل چھوڑ بیٹھیں

تو ممکن ہے سفر آسان جائے

ہماری زندگی تک ہائے ظالم

تغافل پر ترے قربان جائے

پھر اپنے آپ کے بارے میں سوچیں

جو ذہن و دل سے تیرا دھیان جائے

ہمیں اک بار سینہ سے لگا لو

کہ دل سے درد کا امکان جائے