مشکل ہے پتہ چلنا قصوں سے محبت کا
Qadr Oraiziمشکل ہے پتہ چلنا قصوں سے محبت کا
اندازہ مصیبت میں ہوتا ہے مصیبت کا
ہے نزع کے عالم میں بیمار محبت کا
مشکل ہے سنبھلنا اب بگڑی ہوئی حالت کا
افسوس کہ ہم سو کر جاگے بھی تو کب جاگے
مرنے پہ کھلا عقدہ جینے کی حقیقت کا
وہ آئے ہیں خود اپنے دیوانے کو سمجھانے
اے جذبۂ دل دیکھا اقبال محبت کا
اے چشم حقیقت بیں دل کی ہے بساط اتنی
اک چھوٹا سا ٹکڑا ہے آئینۂ حسرت کا
کیوں عشق کے جھگڑے کو لے جاتا ہے عقبیٰ میں
کر خاتمہ دنیا میں دنیا کی مصیبت کا
اے قدرؔ حسینوں کو میں دل سے نہ کیوں چاہوں
جب حسن پرستی بھی اک ذوق ہے فطرت کا