صدائے عہد وفا کو زوال کیوں آیا
Ejaz Asifصدائے عہد وفا کو زوال کیوں آیا
لب سکوت پہ حرف سوال کیوں آیا
کسے خبر کہ چمن میں خزاں کی آمد پر
غرور شعلۂ گل کو جلال کیوں آیا
بجھا رہا تھا میں اپنے وجود کا خورشید
تری نگاہ میں رنگ ملال کیوں آیا
شب فراق نے دیکھی نہ تھی مری صورت
شب فراق کو میرا خیال کیوں آیا
چبھن ہے ذہن میں آصفؔ کہ اس اندھیرے میں
افق کے ہاتھ پہ آخر ہلال کیوں آیا