ہمارے زخم کا بھرنا بہت ضروری ہے
Deedar Bastawiہمارے زخم کا بھرنا بہت ضروری ہے
اب اقتدار میں حصہ بہت ضروری ہے
لہو ہمارا بہت بہ چکا ہے دھرتی پر
اب انقلاب کا آنا بہت ضروری ہے
بدن پہ خوب ہے پردے کا اہتمام مگر
نظر میں شرم کا پردہ بہت ضروری ہے
بہت زیادہ خوشی بھی مزہ نہیں دیتی
دلوں سے درد کا رشتہ بہت ضروری ہے
جو چاہتے ہو محبت میں پختگی آئے
کسی سے مل کے بچھڑنا بہت ضروری ہے
مرے بغیر ترا ذکر نامکمل ہے
دئے کی لو پہ پتنگا بہت ضروری ہے
جلا رہا ہے گھروں کو جو بے سبب دیدارؔ
اب اس چراغ کا بجھنا بہت ضروری ہے