رنگ برنگی یادوں کا گلدان بچا ہے لے دے کر
Deedar Bastawiرنگ برنگی یادوں کا گلدان بچا ہے لے دے کر
میرے جینے کا بس اک سامان بچا ہے لے دے کر
کھانے پینے کی سب چیزیں مہنگائی کی نذر ہوئیں
مہمانوں کے آگے دستر خوان بچا ہے لے دے کر
ردی کاغذ کی قیمت میں بچے اس کو بیچ نہ دیں
گھر میں جو غالبؔ کا اک دیوان بچا ہے لے دے کر
باپ کی ساری جاگیریں تو بانٹ لیں مل کر بیٹوں نے
ماں کے حصے میں گھر کا دالان بچا ہے لے دے کر
دولت عورت اور شہرت کی دیوانی اس دنیا میں
مشکل سے کچھ لوگوں کا ایمان بچا ہے لے دے کر
کیا جانے برسات کٹے گی کیسے میرے بچوں کی
گھر کی ڈھیری میں تھوڑا سا دھان بچا ہے لے دے کر
چل کر اب دیدارؔ وہیں پر گھر اپنا آباد کرو
گاؤں میں جو پرکھوں کا اک کھلیان بچا لے دے کر