زندگی سے مکرنے والوں کو
Tahir Azeem (b. 1978)زندگی سے مکرنے والوں کو
یاد رکھتے ہیں مرنے والوں کو
اس دریچے سے ایک بوڑھا شخص
دیکھتا تھا گزرنے والوں کو
اتنی فرصت نہیں سمٹ جائیں
اور دیکھیں بکھرنے والوں کو
کیا بلندی ہے درمیاں اپنے
چڑھ رہی ہے اترنے والوں کو
کوئی ہچکی بھی اب نہیں آتی
کیا ہوا یاد کرنے والوں کو
کون آواز دے رہا ہے عظیمؔ
اس گلی سے گزرنے والوں کو