خواب سا تھا خیال آخر شب
Tahir Azeem (b. 1978)خواب سا تھا خیال آخر شب
رہ گیا اک ملال آخر شب
جام بھر کر وہ آدھی رات کا چاند
ڈالتا ہے دھمال آخر شب
اڑتی پھرتی ہے زلف کی خوشبو
کھولتا ہے وہ بال آخر شب
ایک ہی بات ہے ہمارے لئے
شام غم یا وصال آخر شب
دیکھیے خواب کب مکمل ہو
آج پھر یہ سوال آخر شب
اک ستارے پہ آ گیا ہے عظیمؔ
چاند جیسا جمال آخر شب